آسٹریلیا نے غیرملکی طلبا اور تارکین وطن کیلیے دروازے کھول دیے

آسٹریلیا نے غیر ملکی طلبا اور تارکین وطن پر کورونا وبا کی وجہ سے عائد سفری پابندیاں ختم ‏کرنے کا اعلان کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا نے کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر لاک ‏ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والی معیشت کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سفر کو دوبارہ شروع ‏کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔

ابتدائی طور پر حکومت نے ہنر مند تارکین وطن اور غیر ملکی طلباء کے لیے سرحدیں دوبارہ کھول ‏دی ہیں۔ ان کے داخلے پر دو سال سے پابندی عائد تھی اور اب صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو ہی ‏داخلے کی اجازت ہو گی۔

وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے بدھ کے روز سرحدیں دوبارہ کھولنے سے متعلق ریڈیو اسٹیشن ‏‏4‏BC‏ کو بتایا کہ ہم اس وائرس کے ساتھ زندگی گزارنے جا رہے ہیں اور ہم اسے ہمیں واپس وہاں لے ‏جانے نہیں دیں گے جہاں ہم تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سب سے زیادہ ویکسینیشن کی شرح ہے جس کا مطلب ہے کہ ہم اس ‏چیز سے لڑ سکتے ہیں ہمیں اس کے سامنے ہتھیار ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے۔