’امید ہے عثمان وزیر پاکستان کیلیے اولمپک میڈل حاصل کریں گے‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ امید ہے باکسر عثمان وزیر پاکستان کے لیے اولمپک میڈل حاصل کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے باکسر عثمان وزیر اور آصف ہزارہ کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایشین باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر پاکستان کے نامور باکسر ہیں، عثمان وزیر اور آصف ہزارہ جیسے نوجوان پاکستان کا فخر ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اور عوام عثمان وزیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی پشت پر ہے، عثمان وزیر کا اگلا ٹارگٹ اولمپکس میڈل ہونا چاہیے، امید ہے وہ پاکستان کے لیے اولمپک میڈل حاصل کریں گے۔

مزید پڑھیں: عثمان وزیر نے پاکستان کے لیے ایک اور عالمی اعزاز جیت لیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلی گئی بین الاقوامی فائٹ میں باکسر عثمان وزیر نے ایک اور ٹائٹل جیتا تھا جس کے بعد ایشین باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر مڈل ایسٹ چیمپئن بھی بن گئے۔

عثمان وزیر نے تنزانیہ کے ٹاپ باکسر روسٹا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کے آصف ہزارہ نے حریف کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ایشین باکسنگ فیڈریشن ٹائٹل جیت لیا تھا۔

آصف ہزارہ نے یوگینڈا کے باکسر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔