کراچی: شہر قائد کی معروف علاقے کلفٹن میں دلخراش ٹریفک حادثے میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب چورنگی انڈر پاس میں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر الٹ گئی، اسی دوران ایک موٹر سائیکل بھی اس کی زد میں آگئی، دلخراش حادثے میں دو خواتین سمیت ایک شخص جاں بحق ہوا۔
ریسکیو ذرائع نے حادثے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی ، کار کی زد میں ایک موٹر سائیکل سوار اور ایک راہ گیر خاتون زد میں آئی، حادثے میں دو خواتین اور ایک مرد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی، زخمی ہونے والی بچی خاتون کے ہمراہ تھی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر خاتون اپنی بچی کے ہمراہ بس سے کچھ دیر پہلے اتری تھی ۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا، حادثے کے بعد پنجاب چورنگی انڈر بائی پاس کو ٹریفک کے لئے بند کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جاں بحق افراد کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے۔