کراچی میں لفٹ سے گارڈ کی لاش برآمد

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عمارت کی لفٹ سے سیکیورٹی گارڈ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بیت المکرم کے قریب نجی عمارت کی لفٹ سے سیکیورٹی گارڈ کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت طارق جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ طارق جاوید سیاسی جماعت کے رہنما کا برادر نسبتی ہے، طارق جاوید عمارت میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق طارق کے بیٹے نے صبح جاکر پوچھا تو کہا گیا کہ وہ گھر جاچکا ہے بعدازاں اس کی لاش برآمد ہوئی۔

گلشن اقبال پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

طارق جاوید کے قتل کا شبہ ہے، سلمان مجاہد بلوچ

دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما سلمان مجاہد بلوچ کا کہنا ہے کہ طارق جاوید میرا رشتے دار تھا، ان کے قتل کا شبہ ہے پولیس تحقیقات کرے۔

سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ آج عمارت کے بیسمنٹ سے طارق جاوید کی لاش ملی ہے جبکہ فیکٹری انتظامیہ ایک روز سے کہہ رہی ہے کہ طارق جاوید گھر جاچکا ہے۔