طلبا کی گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس میں امتحان دینے کی ویڈیو وائرل

بھارت میں بارہویں جماعت کے طلبا کو پرچہ حل کرنے میں مدد کرنے کے لیے والدین کو گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس چلانی پڑ گئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست بہار میں بارہویں جماعت کے 400 سے زائد طلبا نے بجلی نہ ہونے کے سبب اپنا پرچہ گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس کی روشنی میں حل کیا۔

اکتیس جنوری کو بہار کے علاقے موتی باری کے ایک کالج میں دوسری شفٹ میں امتحانات جاری تھے جس کے اوقات دوپہر پونے دو بجے سے شام 5 بجے تک تھے۔

تاہم آخری وقت پر طلبا کو صحیح کرسیوں کے انتخاب میں مشکلات پیش آئیں جس کی وجہ سے پرچہ ساڑھے چار بجے شروع ہوا اور رات 8 بجے تک جاری رہا۔

دیر سے پرچہ شروع ہونے کی وجہ سے علاقے میں رات ہوتے ہی بجلی چلی گئی اور ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔

طلبا کا پرچہ مکمل کروانے کے لیے والدین نے گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس چلائی تاکہ طلبا کم از کم باہر بیٹھ کر پرچہ حل کرسکیں۔

بعدازاں انتظامیہ کی جانب سے جنریٹرز منگوائے گئے اور طلبا نے باقی پرچہ بجلی آنے کے بعد حل کیا۔

واقعے پر ضلعی مجسٹریٹ ایس کپل اشوک نے کہا کہ سینٹر کے سپرنٹنڈنٹ کو معطل کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لیے ضلی تعلیمی افسر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔