وزیراعظم عمران خان کی شہریوں کی سہولت کیلئے نادرا کے اقدامات کی تعریف

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی ملک میں رسائی کو بڑھانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا شہریوں کی سہولت کیلئے 88 نئے رجسٹریشن مراکز کھولے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ نادرا نے 88 نئے رجسٹریشن مراکز کھول کر شہریوں کی رسائی کو بڑھایا ہے، جس میں وہ تحصیلیں بھی شامل ہیں جہاں پہلے کوئی سینٹر موجود نہیں تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نادرا نے بلوچستان میں 13، سندھ میں 23رجسٹریشن، کے پی میں 16، جی بی 11، پنجاب میں نئے 11مراکز کھولے۔

انھوں نے بتایا کہ نادرانے آزادکشمیر میں12 ،اسلام آباد ،پنڈی میں ایک ایک مرکز کھولا۔

یاد رہے گذشتہ سال اگست میں وزیراعظم عمران خان نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران نئے نادرا رجسٹریشن سینٹر اور نئی موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کیا تھا۔

بعد ازاں اگست کے آخر میں اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے وزیراعظم عمران خان نے نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ‏ایپ کا افتتاح کیا تھا۔