کراچی: فاروق ستار کی ایم کیو ایم میں واپسی کا معاملہ فائنل راؤنڈ میں داخل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی کا معاملہ فائنل راؤنڈ میں داخل ہو گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول اور فاروق ستار کی آج ایک اور اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع ایم کیو ایم نے بتایا کہ ملاقات میں آزاد بلدیاتی امیدواروں کی ایڈجسٹمنٹ پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی پر فاروق ستار نے این اے 245 کے ضمنی انتخاب لڑنے سے معذرت کی تھی، جس کے بعد ایم کیو ایم نے ضمنی انتخاب کے لیے ٹکٹ معید انور کو دے دیا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور تنظیم بحالی کمیٹی کے رہنماؤں کی گزشتہ روز ملاقات میں تنظیمی معاملات طے پا گئے ہیں، کراچی اور حیدر آباد کے ذمے داران کو ایڈجسٹ کرنے کا فارمولہ بھی طے پا گیا ہے۔
فاروق ستار سے معاملات طے نہ ہو سکے، ایم کیوایم نے امیدوار کا اعلان کردیا
آئندہ 48 گھنٹوں کے درمیان ڈاکٹر فاروق ستار کی اپنی مکمل کابینہ کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل فاروق ستار کا پتنگ کے نشان پر الیکشن لڑنے کا معاملہ سامنے آیا تھا، اور گزشتہ روز بتایا گیا تھا کہ اس سلسلے میں خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار کے درمیان ہونے والی ملاقاتیں بے سود ثابت ہوئی ہیں، جس پر ایم کیو ایم نے این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیے سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین ایسٹ معید انور ٹکٹ جاری کیا۔