لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں بلا چلتا دیکھ کر الیکشن ملتوی کردیے گئے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا کہ اب پاکستان بدل گیا ہے، وہ وقت چلا گیا جب چندلوگ بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرتے تھے اب ایسا نہیں ہوسکتا، پاکستان کے مستقبل کے فیصلے اب عوام کریں گے اور ووٹ کے ذریعے اپنی مرضی کا حکمران منتخب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے کہا جاتا ہے انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آنا چاہیے، ایسے ہی جو الیکشن کرارہا ہے اس پر عوام کا اعتماد ہونا ضروری ہے، لیکن الیکشن کمیشن واضح طور پر جانبدار نظر آرہا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ حالیہ الیکشن کمیشن کے فیصلے دیکھ لیں کیسے عدالتوں نے مسترد کیے، الیکشن کمیشن کے فیصلوں کوعدالت نے کہا کہ غیرقانونی ہیں، ایسے ہی سندھ میں بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی کیے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی کیے گئے، نظر آرہا تھا کہ بلا چل رہا ہے پی ٹی آئی کامیاب ہوگی تو الیکشن ملتوی کردیے، الیکشن کمیشن کہتا ہے بارش آنے والی ہے اس لیے الیکشن ملتوی کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پی پی 7 راولپنڈی میں کیا چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے، 3 دن سننے کے بعد الیکشن کمیشن کہتا ہے دوبارہ گنتی نہیں کریں گے، پی ٹی آئی امیدوار کامیاب ہورہا تھا اور نتائج رک گئے، جس کے بعد اچانک لیگی امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی۔
فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن واضح کہہ چکا ہے فارن فنڈنگ کیس نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے، ہمارا مؤقف ہے پی پی اور ن لیگ کے فنڈنگ کیسز کا فیصلہ بھی ساتھ سنایا جائے، تینوں کیسز کا فیصلہ ایک ساتھ سنایا جائے گا تو ویلکم کریں گے۔