کراچی : ماہر معاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل پاکستان کی تاریخ کے سب سے تباہ کن وزیرخزانہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماہر معاشیات مزمل اسلم نے ڈالر کی بڑھتی قیمت پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مفتاح اسماعیل جب بھی ٹی وی پر آتے ہیں مارکیٹ میں عدم استحکام بڑھ جاتا ہے، ان کے بیانات پیٹرول چھڑکنے کا کام کرتے ہیں۔
ماہر معاشیات کا کہنا تھا کہ ڈالر بڑھتا جا رہا ہے اور مارکیٹ میں سٹے باز سرگرم ہیں ، مفتاح اسماعیل پاکستان کی تاریخ کے سب سے تباہ کن وزیرخزانہ ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ کل انہوں نے کہا کہ ڈالر ریٹ پر ہمارا اختیار نہیں ہے جبکہ دو دن پہلے انہوں نے بتایا کہ دس ارب ڈالر دوست ممالک سے آ رہے ہیں اور اب کل بول رہے تھے کہ اربوں ڈالر کی ڈیل ہے راتوں رات تو مکمل نہیں ہو گا ۔ ٹائم لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے مارکیٹ میں اعتماد کا بیڑہ غرق کردیاہے، آئی ایم ایف سے معاہدے پر مبارکباد ایسے لے رہے تھےکہ سب ٹھیک ہوگیا ۔
ماہر معاشیات نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے جلدی پیسے کیلئے پہلے بلاول کو بھیجا اب ایک اور شخص کو بھیجا گیا ہے، طارق فاطمی کوآئی ایم ایف سے بات چیت کرنے کیلئے امریکہ بھیجا ہے۔