تحریک انصاف کی رکن اسمبلی کو بیرون ملک سے دھمکی آمیز پیغامات موصول

لاہور : تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سائرہ رضا کو بیرون ملک سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سائرہ رضا کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے، دھمکی آمیز پیغام بیرون ملک کے نمبرز سےبھیجا گیا۔

خاتون ایم پی اے کو نازیبا پیغامات اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، سائرہ رضا نے دھمکی دینے والے شخص کے پیغامات کا ریکارڈ شیئرکرتے ہوئے واقعے سے متعلق پارٹی لیڈر شپ اورساتھی ارکان کو آگاہ کر دیا۔

یاد رہے گذشتہ روز تحریک انصاف کی خواتین ارکان کو وفاداریاں بدلنے کیلئے دھمکیاں ملیں تھیں ، ذرائع نے بتایا تھا کہ رحیم یار خان سے مخصوص نشستوں پر کامیاب فوزیہ بتول اور سائرہ رضا کو دھمکی آمیزفون کال موصول ہوئی۔

ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فوزیہ بتول نے دھمکی آمیزفون کال کے بعد موبائل فون بند کردیا تھا۔