‘ ن لیگ آج صبح سے سپریم کورٹ کے خلاف مہم چلا رہی ہے ‘

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے مریم نواز کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ آج صبح سے سپریم کورٹ کیخلاف مہم چلا رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مریم نواز کی جانب سے سپریم کورٹ کے حوالے سے ایک تازہ ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز جو بات کر رہی ہیں وہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ ن لیگ آج صبح سے ہی سپریم کورٹ کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔

مریم نواز کے ٹوئٹ کے حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودہری کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز نے کبھی زندگی میں تاریخ نہیں پڑھی۔ انہیں پہلے آرٹیکل63 اے کو پڑھ لینا چاہیے پھر اس پر بات کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ عدالتوں کیخلاف مہم کی مذمت کرتا ہوں۔ ن لیگ سیاست کرے کسی نے نہیں روکا لیکن عدالت پر تنقید کیوں؟ مریم نواز کو اتنا ہی اعتراض تھا تو پہلے کیوں بات نہیں کی۔ مریم نواز کے حق میں فیصلہ آئے تو انہیں بہت پسند آتاہے۔ ڈبل پالیسی نہیں ہونی چاہیے۔عدالتی فیصلوں کو سرتسلیم خم کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اقتدار میں ہو تو بحران نہیں لیکن اقتدار سے اترے تو بحران نظر آتا ہے۔ سیاسی بحران تو مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے شروع کیا ہے۔ آج پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ الیکشن کے علاوہ کوئی حل ہی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے ملک کی سب سے بڑی عدالت کو نشانے پر رکھ لیا

واضح رہے کہ مریم نواز نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ موجودہ  سیاسی انتشار اور عدم استحکام کا سلسلہ عدالتی فیصلے سے شروع ہوتا ہے، آئین کی من مانی تشریح کرتے ہوئے ووٹ نہ شمار کرنے کا عدالتی حکم جاری ہوا تھا، آج بھی نئی تشریح کی جارہی ہے تاکہ پھر لاڈلے کو فائدہ پہنچے یہ ہمیں نامنظور ہے۔