چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ فل کورٹ بینچ کا مطالبہ آئین اور جمہوریت کیلئے تھا فل کورٹ سنتا تو پورا پاکستان آپ کا فیصلہ مانتا۔
پی ڈی ایم رہنماوں کے ہمراہ بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ کیس پارلیمنٹ سے متعلق ہے، ڈپٹی اسپیکر کے اقدام سے متعلق ہے سپریم کورٹ کو باربار پارلیمنٹ کےدائرہ کار میں فیصلہ دینا پڑ رہا ہے ایک ادارے سے متعلق فیصلہ دے رہے ہیں تو آپ کا بھی پورا ادارہ بیٹھے۔
مسلم لیگ ن کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نےمطالبہ کیا پورا سپریم کورٹ بیٹھے، مخصوص بینچ نہ بیٹھے آئین وقانون کی بالادستی ہوتی ہےکہ جس پراعتراض ہووہ جج الگ ہو جائے فل کورٹ بنچ کے فیصلے کو پورا پاکستان تسلیم کرے گا۔
حکمران اتحاد نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں فل کورٹ نہ بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئے ایک تجویز اور مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے 3 ججز کے بینچ کے بجائے فل کورٹ معاملے کو دیکھے، فل کورٹ نہیں بنایا جاتا تو عدلیہ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔