اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ پنجاب میں حکومت سازی کی تشکیل کیلئے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے دورہ لاہور کے دوران پنجاب میں حکومت سازی کی تشکیل کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں اور وزیراعلی پنجاب سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ عمران خان کی ایوان وزیراعلی لاہور میں پی ٹی آئی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں سے بھی ملاقات ہوگی۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان آج ایک روزہ دورےپرلاہور پہنچیں گے، عمران ریاض،ارشدشریف،صابرشاکر،سمیع ابراہیم،دیگرصحافیوں جن پر FIRs ہوئیں ان کو نہیں بھولاجائیگا، صوبے میں ہماری حکومت ان تمام جھوٹی ایف آئی آرز کے اخراج کے لئے اقدامات کرے گی، ان صحافیوں کو ہمارا سلام۔
آج چئیرمین عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ رہے ہیں۔
عمران ریاض ، ارشد شریف، صابر شاکر سمیع ابراہیم اور دوسرے تمام صحافیوں جن پر FIRs ہوئیں ان کو نہیں بھُولا جائے گا۔
انشاللہ صوبے میں ہماری حکومت ان تمام جھوٹی FiRs کے اخراج کے لئے اقدامات کرے گی
ان صحافیوں کو ہمارا سلام
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) July 28, 2022
گذشتہ روز وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے بنی گالا میں اپنے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں عمران خان نے پرویزالہٰی کو وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پرمبارک باد دی۔۔ چوہدری پرویزالہٰی نے عمران خان کے اظہار اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔