اسحاق ڈار کو سنیٹر شپ سے نااہل کرنے کی درخواست ، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

وزیر خارجہ کل دورہ چین پر روانہ ہوں گے، افغان ہم منصب سے بھی ملاقات متوقع

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سنیٹر شپ سے نااہل کرنے کے لیے درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سنیٹر شپ سے نااہل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کئی بار کیس ڈی لسٹ کیا جو آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن وفاقی حکومت کے ساتھ ملا ہوا ہے حالانکہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے،چیرمین سینٹ کو اسحاق ڈار کی نااہلی کا ریفرنس بھیجا،1 ماہ کے دوران چیرمین سینٹ نے فیصلہ نہیں کیا جس کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اسحاق ڈار کی نااہلی سے متعلق ریفرنس پر فیصلہ نہیں کر رہا، ہر تاریخ پر سماعت ملتوی کر دی جاتی ہے، سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار سے عطاالحق قاسمی کیس میں 4 کروڑ کی ریکوری کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو اسحاق ڈار کی نااہلی سے متعلق جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔

جس پر اظہر صدیق نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت کو فریق ہی نہیں بنایا گیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو طلب ہی نہیں کیا گیا پھر یہ کیوں اس کیس میں پیش ہو رہے ہیں۔

وکیل نے مزید کہا وفاقی حکومت کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ پھر وفاقی حکومت کے وکیل کیوں پیش ہوئے، عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کرتے ہوٸے سماعت ملتوی کر دی۔