تحریک انصاف نے چارٹر آف ڈیمانڈ اور قرارداد الیکشن کمیشن کو جمع کرادی

تحریک انصاف نے چارٹر آف ڈیمانڈ اور قرارداد الیکشن کمیشن کو جمع کرادی یہ قرارداد ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن آصف اقبال کو جمع کرائی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے چارٹر آف ڈیمانڈ اور قرارداد الیکشن کمیشن کو جمع کرادی یہ قرارداد سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر کی قیادت میں ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن آصف اقبال کو جمع کرائی گئی ہے۔ اس موقع پر صداقت عباسی، شیخ رشید، علی اعوان، عامر کیانی، عمر ایوب ودیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو یادداشت جمع کرانے آئے ہیں۔ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے الیکشن کمیشن کے موجودہ اراکین بلا تاخیرمستعفی ہوں اور الیکشن کمیشن کی ازسر نو تشکیل کرکے سیاسی عدم اعتماد کے خاتمے کا موقع دیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ صاف نظر آ رہا ہے سازش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں سازش نظر آرہی ہے۔ تمام لوگ پاکستانی اور پاکستانی کمپنیاں ہیں وہ گواہی دے رہی ہیں کہ الزام جھوٹا ہے۔ بدقسمتی سے الیکشن کمیشن ریاستی ادارے کے بجائے سیاسی حریف کے طور پر کام کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ بدقسمتی سے الیکشن کمیشن سیاسی حریف کے طور پر کام کر رہا ہے۔ عوام کو الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہے۔ پنجاب اور کے یی کی صوبائی اسمبلیاں فیصلہ کرچکی ہیں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر اعتماد نہیں وہ مستعفی ہوں۔ عوام کا اعتماد بحال رہے تو یہ ممکن نہیں کہ الیکشن کمیشن سیاسی حریف بنے۔ 7 سے 8 فیصلے ہمارے خلاف آچکے ہیں۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، عمران خان کے جلسوں میں لاکھوں لوگ آرہے ہیں۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔ کوئی سمجھتا ہے کہ عمران خان کے بغیر جمہوریت چل سکتی ہے تو یہ اسکی غلط فہمی ہے۔ پہلے بھی ایسے فیصلے کئے گئے جو عوامی مزاج کو نہ سمجھنے والے فیصلے تھے۔