حکومت کی عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

پیٹرول کی نئی قیمت سے متعلق اہم خبر آگئی

وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کرلی۔ حکومت پیٹرول و ڈیزل پر او ایم سی اور ڈسٹری بیوٹرز مارجن بڑھانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر تیل کمپنیوں کے لیے او ایم سی مارجن میں 63 فیصد اضافے کی تجویز زیرِ غور ہے، او ایم سی مارجن 2 روپے 32 پیسے فی لیٹر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن بھی بڑھا کر 6 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔ ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے مارجن بڑھانے کی منظوری لی جائے گی۔

اس سے قبل پیٹرول پر ڈیلر مارجن 2 روپے 10 پیسے فی لیٹر بڑھایا جا چکا ہے۔ ڈیزل پر ڈیلر مارجن 2 روپے 87 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی منظوری دی جا چکی ہے۔