پاکستان میں دنیا کے بلند ترین اسٹیڈیم کا افتتاح

پاکستان میں دنیا کے بلند ترین کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا گیا ہے، پہلے میچ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر فتح اللہ خان تھے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گلگت کے ضلع نگر میں موجود پسان کرکٹ اسٹیڈیم سطح سمندر سے آٹھ ہزار فٹ بلندی پر واقع ہے۔قدرتی نظاروں سے مالا مال اسٹیڈیم میں دیامر اور نگر کی ٹیموں کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا۔

دیامر ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں نگر کی ٹیم آٹھ اوور میں 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

گزشتہ دنوں پسان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے میچ سے متعلق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے کہا تھا کہ ہم اس ٹورنامنٹ کے ذریعے گلگت میں جہاں سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں وہیں پسان کرکٹ اسٹیڈیم کی خوبصورتی کو بھی اجاگر کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مقبول سیاحتی مقام بننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم اسے قومی اور بین الاقوامی کھیلوں، سیاحتی برادری کے ریڈار پر لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے یہ اسٹیڈیم پاکستان بھر کے شائقین اور سیاحوں کو کسی صورت مایوس نہیں کرے گا۔