سفاکیت کی انتہا: ماموں کے ہاتھوں کمسن بھانجا مبینہ زیادتی کے بعد قتل

بنوں: کے پی کے ضلع بنوں میں پیش آئے واقعے نے ہر صاحب دل کو خون کے آنسو رُلادیا ہے۔

پولیس کے مطابق دل دہلا دینے والا واقعہ جامن روڈ پر رونما ہوا ، جہاں چار سالہ بچے کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا تو تلخ حقیقت آشکار ہوئی کہ بچے کو قتل کرنے والا اس کا ماموں تھا۔

پولیس نے بتایا کہ چار سالہ مبشر اپنی والدہ کے ساتھ میرانشاہ سے ماموں کے گھر آیا تھا، جہاں اسے ماموں نے ہی مبینہ زیادتی کے بعد گلہ گھونٹ کے قتل کردیا۔

افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کیا اور واقعے کی دیگر پہلوؤں کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  لاہور: سوئمنگ پول میں بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

واضح رہے کہ ملک بھر میں بچوں کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ماہ اگست میں لاہور کے تھانہ مناواں کے علاقے شریف پورہ میں 10 سالہ بچی کو سوئمنگ پول میں مبینہ جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں ستمبر میں کراچی کے نجی اسکول میں 6 سال کی بچی کے ساتھ مبینہ بدفعلی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

اسی طرح 13 ستمبر کو لاہور میں 10 سالہ ذہنی معذور بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔