وزیرخزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے مذاکرات کے لئے امریکا پہنچ گئے

واشنگٹن : وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈار ایم ایف کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار4 روزہ دورے پر امریکا پہنچ گئے ، جہاں وہ آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ دورے کے دوران اسحاق ڈار مختلف مالیاتی اداروں اور ان کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان معیشت کے نقصانات سے عالمی امدادی اداروں کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ سیلاب کے بعد تعمیر نو کی ضروریات سے آگاہ کریں گے اور سیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں مختلف پراجیکٹس کی فنڈنگ کی ضروریات اجاگر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں اسحاق ڈار معاشی اصلاحات پرعمل درآمدسے آگاہ کریں گے۔

یاد رہے اس سے قبل اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے کے بعد انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن چیف نیتھن پورٹر سے ورچوئل میٹنگ کی تھی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو ملک میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا جس سے انفراسٹرکچر، فصلیں اور لوگوں کا ذریعہ معاش متاثر ہوا۔