ایم کیوایم ایک بیرنگ ہے جو ہر گاڑی میں فٹ ہوجاتا ہے، فیصل واوڈا کی تنقید

کراچی : پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم ایک بیرنگ ہےجوہرگاڑی میں فٹ ہوجاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے وزیراعظم شہباز شریف کی لیک آڈیو کے حوالے سے کہا کہ جن پرفردجرم عائدہونی تھی وہ وزیراعظم بن گئے، یہ عوام کانہیں شریف خاندان کاپاکستان ہے ، 75سال سے ملک میں یہی ہو رہا ہے آگے بھی ہوتا رہے گا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ملک میں رشوت کوعام کیاجارہا ہے ، غریب جیلوں میں سڑتا رہے،یہ بری ہوتے رہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ پاکستان ایوان میں بیٹھے چند لوگوں کا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن ہوا ، کچھ نہیں ہوا، کیس کے گواہان مرگئے، تفتیشی افسر مر گیا کچھ نہیں ہوا۔

ایم کیو ایم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 4،6 لوگوں کی وجہ سےمہاجرقوم ظلم وبربریت کاشکارہے، وسیم اختر بطور میئراربوں روپے کھا گئے کیا کچھ ہوا۔

فیصل واوڈا نے اعلان کیا کہ ہم تو آڈیو لیک لے کر سپریم کورٹ جارہےہیں، ایم کیوایم ایک بیرنگ ہے، جو ہر گاڑی میں فٹ ہوجاتا ہے، اس مرتبہ بیرنگ کواچھی طرح کھول کربےنقاب کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کا بیٹا جس وزارت پر بیٹھا ہے اس کی اسپیلنگ تک نہیں لکھ سکتا، قوم اور ملک کیساتھ ظلم ہو رہا ہے، ایسے لوگوں کو حکمران بنا دیا گیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ قوم کو دیکھنے کیلئے اب کچھ بچا نہیں ہے، دیکھئے گاعمران خان 16تاریخ کو جس حلقے سے کھڑے ہوں گے کامیاب ہوں گے۔