پاکستان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کل نیوزی لینڈ سے آسٹریلیا روانہ ہوگی، عالمی کپ کی جنگ 16 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر ایک معرکہ سر کرلیا اب اس سے بڑا معرکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا عزم لے کر قومی ٹیم کل کرائسٹ چرچ سے آسٹریلیا کے شہر برسبین روانہ ہوگی، مختصر دورانیے کی کرکٹ کا عالمی کپ 16 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم برسبین میں دو وارم اپ میچز کھیلنے کے بعد 20 اکتوبر کو میلبرن روانہ ہوگی جہاں اپنی مہم کا آغاز اتوار 23 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت سے میچ کھیل کر کرے گی، اس ہائی وولٹیج میچ پر دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم فائنل کے بعد کرائسٹ چرچ سے میلبرن کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ 16 اکتوبر کو عالمی کپ میں شریک تمام 16 ٹیموں کے کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شرکت کریں گے اور پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور جارح مزاج اوپنر فخر زمان بھی کل شام برسبین میں قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے جب کہ ڈاکٹر جاوید ان کے ہمراہ بطور سیکنڈ فزیو ٹیم جوائن کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی
پاکستانی ٹیم کے مینٹور سابق آسٹریلوی کھلاڑی میتھیو ہیڈن بھی کل قومی ٹیم کو جوائن کریں گے، ٹیم ڈاکٹر نجیب سومرو کرائسٹ چرچ سے میلبرن میں اپنے گھر روانہ ہوجائیں گے، وہ بھارت کے خلاف میچ سے قبل میلبرن میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے، اس دوران مقامی ڈاکٹر شمائل قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔