عمران خان سمیت دیگر کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس بینکنگ کورٹ سنے گی، عدالت نے واضح کردیا

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عدالتی دائرہ اختیار واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سمیت دیگر کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس بینکنگ کورٹ سنے گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمے سے متعلق سماعت ہوئی۔

ملزم طارق شفیع اورفیصل مقبول اپنے وکیل راجہ قدیرکے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، عدالت نے طارق شفیع سے استفسار کیا کیا آپ شامل تفتیش ہوئےہیں، طارق شفیع نے بتایا کہ جی ایف آئی اے کے سامنےبھی پیش ہو گئے۔

اسلام آباد:ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ عدالتی دائرہ اختیارسےمتعلق معاملہ پینڈنگ ہے، درخواست گزاروں نے صرف حفاظتی ضمانت مانگ رکھی تھی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پہلے یہ طے کرلیتے ہیں کہ دائرہ اختیار کیا بنتا ہے ، جس پر وکیل طارق شفیع کا کہنا تھا کہ دائرہ اختیار سے متعلق عدالت کی معاونت کرونگا، معاملہ بینکنگ کورٹ کا بنتا ہے ، جو الزامات اور دفعات ہیں وہ بینکنگ کورٹ کی بنتی ہیں۔

وکیل طارق شفیع نے فارن ایکسچینج ایکٹ مقدمہ کی ایف آئی آر پڑھ کر سنائی ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل روسٹرم پر آئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ یہاں اس مقدمے میں 2دفعات لگی ہوئی ہیں، کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کا معاملہ بھی ہے، فارن ایکسچینج ایکٹ کا معاملہ ایک الگ عدالت دیکھتی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کیا اس کیس میں یہ 2ٹرائل ہونگے ، وکیل نے بتایا کہ نہیں اس کیس میں ایک ہی ٹرائل ہوگا، جس پر عدالت نے طارق شفیع کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ یہ بینکنگ کورٹ سنے گی۔

وکیل طارق شفیع نے کہا کہ جی بالکل یہ بینکنگ کورٹ کا دائرہ کار بنتاہے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کیس میں جنرل لااوراسپیشل لاکابھی معاملہ دیکھناہوگا، عمران خان کی ضمانت اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت سےہوئی۔

جسٹس محسن اختر نے ریمارکس دیے کہ اسپیشل جج سینٹرل سےضمانت اس لیے ہوئی بینکنگ کورٹ کا جج نہیں تھا ، میں آرڈر پاس کردیتا ہوں ، 5روزکی حفاظتی ضمانت میں توسیع کررہاہوں، آپ بینکنگ کورٹ سے رجوع کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عدالتی دائرہ اختیار واضح کرتے ہوئے کہا ممنوعہ فنڈنگ کیس فارن ایکسچینج ایکٹ کےتحت بینکنگ کورٹ سنے گی۔

عمران خان،طارق شفیع، فیصل مقبول ودیگرکےخلاف کیس بیکنگ کورٹ میں سنا جائےگا، اس حوالے سے جسٹس محسن اختر کیانی نے احکامات جاری کیے۔

عدالت نے طارق شفیع اور فیصل مقبول کو 5روزمیں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے دونوں کی حفاظتی ضمانت میں 2ہفتےکی توسیع کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ملزمان شامل تفتیش ہو جائیں اوربینکنگ کورٹ سے رجوع کریں۔