موبائل فونز کی درآمد پر ٹیکس :فواد چوہدری کا حکومت سے بڑا مطالبہ

موبائل فونز

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی بھرمار کے باعث موبائل فونز کی درآمد میں اڑسٹھ فیصد کمی انتہائی تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ موبائل فونزکی درآمد میں 68 فیصدکمی ہوئی ہے یہ انتہائی تشویشناک ہے، اس کی بنیادی وجہ موبائل پرٹیکس کی بھرمارہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج موبائل فون کمیونیکیشن معیشت کےاہم ترین ستونوں میں سےایک ہے، حکومت عقل کرے اور ٹیکس میں کمی کرے، موبائل فونزکی درآمد میں کمی ہمیں شدید متاثر کرے گی۔

یاد رہے موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے تین ماہ میں سالانہ بنیادوں پر56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس حوالے سے پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر 2022تک کی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات 35ارب90کروڑ روپے رہیں۔