متنازع ٹوئٹ کیس: سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ آج سنایا جائے گا

اسلام آباد : متنازع ٹوئٹ کیس میں گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق متنازعہ ٹویٹ کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

گزشتہ روز اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود نے اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے کہا تھا کہ اعظم سواتی نے پبلک فورم پر آرمی چیف اور اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دیا اور دوران تفتیش ٹویٹ کا اعتراف بھی کیا۔

جس پر بابر اعوان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ کہ اعظم سواتی نے ٹویٹ کرکے اپنے اظہار رائےکی آزادی کا آئینی حق استعمال کیا، اعظم سواتی پر تشدد اور تذلیل کی گئی۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایف آئی اے کے سائبر ونگ نے اعظم سواتی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

عدالت پیشی کے وقت سینیٹر اعظم سواتی نے کہا تھا کہ ان کو ایک ٹوئٹ کرنے اور ایک نام لینے پر گرفتار کیا گیا۔