رشی سُناک برطانیہ کے پہلے ہندو وزیراعظم ہوں گے

برطانیہ میں جاری سیاسی بحران نے رشی سُناک کے سر پر وزارت عظمیٰ کا تاج سجا دیا ہے وہ آج وزارت عظمیٰ کا چارج لیں گے اور برطانیہ کے پہلے ہندو وزیراعظم ہوں گے۔

برطانیہ میں جاری سیاسی بحران کے باعث دو ماہ میں آج تیسرے وزیراعظم اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، نو منتخب وزیراعظم رشی سُناک برطانیہ کے پہلے ہندو وزیراعظم ہوں گے، انہوں نے ممبر پارلیمنٹ بننے پر بھی ہندوؤں کی مقدس کتاب بھگوت گیتا پر حلف لیا تھا۔

رشی سُناک کے وزیراعظم کا چارج لینے سے قبل برطانوی وزرا کی 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ آمد شروع ہوگئی ہے جہاں مستعفی وزیراعظم لز ٹرس کے ساتھ کابینہ کی آخری ملاقات ہوگی۔

رشی سُناک کے آباؤاجداد کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، ان کے دادا رام داس سُناک قیام پاکستان سے قبل ہی گوجرانوالہ سے افریقہ منتقل ہوگئے تھے۔

رشی سُناک بادشاہ چارلس سے ملاقات کے بعد ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچیں گے اور لندن کے مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 35 منٹ پر خطاب کریں گے۔

رشی سُناک بھارتی آئی ٹی کمپنی انفوسس کے شریک بانی نارائن مورتی کے داماد ہیں، 42 سالہ رشی سُناک کو سابق وزیراعظم بورس جانسن نے 2020 میں اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا اور وزیر خزانہ بنایا تھا۔