کراچی: سیلاب متاثرہ بچی سے اجتماعی زیادتی کی تصدیق، رپورٹ اے آر وائی نیوز پر

کراچی: کلفٹن میں گذشتہ روز سیلاب متاثرہ بچی سے اجتماعی زیادتی واقعے کی میڈیکل رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گذشتہ روز کلفٹن میں شاپنگ مال کے قریب بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، واقعے کی میڈیکل رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، جس میں بچی سے اجتماعی زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

پولیس افسر کو ایم ایل او کی جانب سے دو نمونے سونپے گئےجبکہ متاثرہ بچے کے مجموعی طور پر آٹھ نمونے حاصل کئے گئے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ بچی کے کپڑےخون آلودہ اور گیلےتھے،سوکھنے پرپولیس کےحوالے کئےگئے ،بچی سےزیادتی کس مقام پر کی گئی تاحال پتہ نہیں چل سکا، بچی کی ماں کےمطابق وہ شکارپورمیں سیلاب کے باعث کراچی آئی تھی اور چھ بچوں کے ہمراہ شاہ رسول کالونی میں فٹ پاتھ پررہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  درندہ صفت ملزمان نے سیلاب متاثرہ بچی کو جنسی ہوس کا نشانہ بناڈالا

پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ بچی دیگر بچوں کے ساتھ کلفٹن شاپنگ مال کی طرف بھیک مانگنےگئی جہاں اسے اغوا کرنے کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

ادھر ایس پی انویسٹی گیشن نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ بچی نگہت اسپتال میں زیر علاج ہے،طبیعت میں بہتری کے بعد تفصیلی بیان ریکارڈ کیاجائےگا کیونکہ متاثرہ بچی کا بیان ملزمان کی گرفتاری کےلیے انتہائی اہم ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن زاہد پروین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بچی کو ڈاکٹرز نے میڈیسن دی تھی، متاثرہ لڑکی کی جلد صحت یابی کےلیےڈاکٹروں کی ٹیم کام کررہی ہے۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹرسمعیہ نے بتایا کہ اغوا اور زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی این اے سمیت دیگرنمونےجامعہ کراچی کی لیب بھجوائے گئے ہیں،رپورٹ آنے میں کم از کم 5 سے 6 دن لگ سکتے ہیں، رپورٹس آنےکےبعد ہی دیگرمعلومات سامنےآسکیں گی۔