آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج تین میچ کھیلے جائیں گے، پرتھ میں پاکستان اور زمبابوے کے مابین میچ کھیلا جائے گا۔
پرتھ میں پاکستان اور زمبابوے کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے کھیلا جائے گا، بھارت سے شکست بھلا کر قومی کھلاڑی ایونٹ میں واپسی کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔
زمبابوے کے خلاف میچ سے قبل قومی اسکواڈ نے پرتھ میں جم پر ٹریننگ کی، بولنگ اور فیلڈنگ کے ساتھ پاور ہٹنگ کی بھی بھرپور پریکٹس کی۔
قومی ٹیم کا زمبابوے کے خلاف پلڑا بھاری ہے پاکستان نے زمبابوے کے خلاف 14 میچز کھیلے 13 میں کامیابی حاصل کی ایک میچ میں شکست ہوئی۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، حیدر علی کی جگہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر اسکواڈ کا حصہ ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت سے ہار چکا ہے جب کہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا میچ بارش کے سبب مکمل نہ ہونے کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔
آج ٹی 20 ورلڈ کپ کے دیگر کھیلے جانے والے میچز میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف سڈنی میں میچ جاری ہے اور دوپہر ایک بجے بھارت اور نیدر لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔