پی ٹی آئی لانگ مارچ : ریڈزون میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ ریڈزون میں فوج تعینات کرنےکا فیصلہ کیاہے، کسی کوریڈ زون میں داخل ہونے نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ راناثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی ہر روز ایکسپوز ہوتا رہا ہے اور آج مزیدایکسپوزہواہے، عمران خان نے عدم اعتماد کو ناکام کرنے کیلئےسائفر کا ڈراما رچایا۔

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ ایسا موقف اختیار کیا گیا جس کی کوئی بنیاد نہیں تھی، آڈیولیک کے ذریعے پتا چلا کہ عمران نیازی کھیل رہا تھا، عمران خان سائفر کے ساتھ کھیل کھیل رہا تھا، عمران خان نے ملک اور قوم کا نہیں سوچا کہ کتنا نقصان ہوگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ میرجعفر، میر صادق، نیوٹرل، جانور اور غدار جیسے الفاظ سے پکارا گیا، اگر اس آدمی کے مفاد کیلئے کوئی ادارہ کام کرے تو پھرتعریفیں ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ذہنی پستی دیکھیں کس حدتک جاکرنفرت ، قوم کو تقسیم کی سیاست کررہےہیں، منفی ایجنڈے کے تحت کسی ملک میں سیاست اور رول آف لا آگے بڑھ سکتا ہے؟

راناثنااللہ نے کہا کہ جب تک قوم میں ایسا ناسور ہوگا تو کیا ملکی قومی زندگی میں کوئی سدھار آسکتا ہے۔

لانگ مارچ کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 25مئی والے مارچ میں کہتا تھا یہ خونی مارچ ہوگا لوگ خود کشیاں کریں گے ، 25 مئی کو بھی دعویٰ کیا تھا کہ 20 لاکھ لوگ آئیں گے، جب25 مئی کوخونی مارچ لیکر آئے مگر اس میں ناکام ہوئے، پھر کہا گیا 6 دن بعد دوبارہ آؤں گا۔

راناثنااللہ نے واضح کیا کہ کسی کوریڈ زون میں داخل ہونے نہیں دیں گے، ریڈزون میں فوج تعینات کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کل جب یہ سی ایم ہاؤس گیا توکہتا ہے پنجاب حکومت ناکام ہے، کہتے ہیں لوگوں کیخلاف مقدمات نہیں بنائے جھوٹے مقدمات درج نہیں کیے، اگرآپ جھوٹےمقدمات درج نہیں کررہےتوآپ گڈی گڈی کھیل رہےہیں۔

سائفر کے حوالے سے راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ سائفر پھر اس کے بعد آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی باتیں کیا تھیں؟ اگران باتوں کوکوئی تسلیم نہ کرے تو سب غدارہیں۔

انھوں نے کہا کہ قابل فخر ہے ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ ادارے کا فیصلہ ہے کہ آئینی حدود میں رہے گا ، سیاسی جدوجہدمیں سب کایہی مؤقف تھا ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔