خرم لغاری کا دعویٰ: مظفرگڑھ کے ارکان پنجاب اسمبلی میدان میں آگئے

لاہور: جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے خرم لغاری کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر منصور احمد خان،ایم پی اے عبدالحی دستی، ایم پی اے علمدار قریشی،عون حمید ڈوگراورمعظم علی نے اپنے الگ الگ بیانات میں ایم پی اےخرم لغاری کے بیان کی تردید کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔

اس سے قبل آج خرم سہیل لغاری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے ساتھ تحریک انصاف کے پانچ ارکان بھی ہیں جو عنقریب استعفی دینے والے ہیں۔

خرم لغاری کے بیان کے بعد منصور احمد خان نے کہا کہ خرم لغاری کے بیان کی مذمت کرتا ہوں میں اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ہوں۔

عبدالحی دستی نے کہا کہ مظفرگڑھ سے ایم پی ایز کےپارٹی چھوڑنےکےبیان کی تردید کرتا ہوں، تحریک انصاف کے ساتھ ہیں،عمران خان کےبیانیےکی حمایت کرتےہیں، لوگوں کو لیکراسلام آباد کی طرف جا رہا ہوں،مارچ میں بھرپورکردارادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  لانگ مارچ کے آغاز سے قبل عمران خان کو بڑا جھٹکا

عون حمید ڈوگر نے بھی خرم لغاری کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پرخرم لغاری کےبیان سے اتفاق نہیں کرتا، ضلع مظفرگڑھ سے کوئی بھی بندہ پارٹی چھوڑنے کیلئے تیار نہیں، عمران خان اور پرویز الٰہی کے ساتھ ہیں اوران کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، پارٹی قیادت اورقائد کے احکامات کی تعمیل کریں گے۔

رکن پنجاب اسمبلی علمدار قریشی نے خرم لغاری کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ خر م لغاری نے جو بیان دیا اس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، پارٹی کے ساتھ تھا،پارٹی کے ساتھ ہوں اورپارٹی کے ساتھ رہوں گا۔

چنوں خان لغاری نے بھی عمران خان کے بیانئے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ لغاری گروپ اور جتوئی گروپ اکٹھے ہیں، عمران خان،پرویزالٰہی کے ساتھ کھڑے ہیں،دونوں رہنما جو حکم کریں گےاس پر لبیک کہیں گے۔