یوم سیاہ کشمیر: جرمنی میں بھارت کے خلاف بڑا مظاہرہ

برسلز: دنیا بھر کی طرح جرمنی میں بھی مقبوضہ جموں کشمیر کا یوم سیاہ منایا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں فرینڈز آف کشمیر کی جانب سے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی تسلط کے 75 سال مکمل ھونے اور اس دن کو بطور یوم سیاہ منانے کی نسبت سے مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔

مظاہرے میں کشمیریوں، پاکستانی کمیونٹی، خواتین، بچوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکا نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے انسانی معاملے پر اپنا فوری کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

شرکا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔

اس کے علاوہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں اور ہائی کمیشن نے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کیلئے27 اکتوبرکو یوم سیاہ منایااور مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یاد رہے کہ کشمیر ی ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں کیونکہ 1947میں اس دن بھارتی فوج نے سرینگر میں اتر کر جموں وکشمیر غیر قانونی طورپر قبضہ کر لیا تھا۔