ارشد شریف کو کینیا بھجوانے کی تحقیقات ہونی چاہیے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مرحوم صحافی ارشد شریف کو کینیا بھجوانا انتہائی اہم تھا، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

ایف آئی اے حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں ایسے حالات نہیں تھے کہ ارشد شریف کو ملک چھوڑنا پڑا، ارشد شریف کو ڈرایا گیا اور ایک فرمائشی تھریٹ لیٹر جاری کرایا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا: ’کیا ارشد شریف کو کینیا بھیجنا لازمی تھا؟ ارشد شریف پر ملک چھوڑنے کے لیے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ فرمائشی تھریٹ لیٹر کس نے جاری کرایا سامنے آ جائے گا۔‘

پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ ارشد شریف پر 16 ایف آئی آر تھیں، کیا یہ دباؤ نہیں تھا؟ اس پر وزیر داخلہ نے کہا: ’عمران خان کے خلاف 32 ایف آئی آر درج ہوئیں، یہ خود کیوں نہیں گیا؟‘