میچ ہارنے پر حارث رؤف کا رد عمل

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کے ہاتھوں ایک رن سے اپ سیٹ شکست کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کر دیا ہے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلا ورلڈ کپ میں اچھا کھیلا، لیکن اس ایونٹ میں بہتر آغاز نہ کر سکے۔

انھوں نے کہا ہم میچ فنش نہیں کر سکے، اس سے جس طرح شائقین کا دل دکھا ہے، اسی طرح ہمارا بھی دل دکھا ہے، ٹورنامنٹ میں کوئی بھی ٹیم چھوٹی بڑی نہیں ہوتی سب جیتنا چاہتے ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا ہماری کوشش ہے اچھی کارکردگی دکھا کر فینز کو خوش کریں، ٹیم متحد ہے اور اگلے تینوں میچ جیتنے کا عزم ہے۔

’بابر اعظم کو ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دینی چاہیے‘

انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور منیجمنٹ نے آئندہ میچوں کی حکمت عملی پر بات کی ہے، اس پر بھی بات کی گئی کہ میچ فنش نہیں کر سکے۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ کیچ چھوٹنا کھیل کا حصہ ہے، اس پر بولر دکھی ہوتا ہے لیکن اچھے کھلاڑیوں سے بھی کیچ چھوٹ جاتے ہیں، اسی طرح بولر کو جب چھکا لگتا ہے تو بھی برا لگتا ہے لیکن یہ بھی کھیل کا حصہ ہے۔

قومی بولر نے کہا لوگوں کا کام ہے باتیں کرنا لیکن ہم کھیلنے آئے ہیں باتیں سننے نہیں آئے۔