پاکستان اور غیر ملکی کرکٹرز نے بھی سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین معروف کھلاڑی اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بھی رہے ہیں جن کی قیادت میں پاکستان نے 30 سال قبل اب تک اپنا واحد ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا، اپنی سحر انگیز شخصیت کے باعث وہ کھلاڑیوں میں بھی بہت مقبول ہیں۔
عمران خان کے گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے واقعے نے سیاست کے ساتھ کھیلوں کی دنیا میں بھی ہلچل مچا دی ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے کھلاڑی اس واقعے کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔
قومی تیم کے کپتان بابر اعظم نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے اور اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے کپتان کو سلامت رکھے۔
Strongly condemn this heinous attack on @ImranKhanPTI. May Allah keep Kaptaan safe and protect our beloved Pakistan, Ameen.
— Babar Azam (@babarazam258) November 3, 2022
سابق کپتان اور ورلڈ کپ 92 کے ہیرو وسیم اکرم نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہماری دعائیں عمران بھائی اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ ہیں، اس مشکل وقت میں پورے ملک کو ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
Deeply disturbed about the events unfolding in Wazirabad . Our prayers with Imran BHAI and everyone there. We as a country must come together and not allow anyone to distort our national unity.
— Wasim Akram (@wasimakramlive) November 3, 2022
بوم بوم شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ سب کو اپنی حفاظت میں رکھے۔
عمران خان صاحب اور اُن کے ساتھیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں اللّٰہ تعالٰی سب کو اپنی حفاظت میں رکھے آمین
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) November 3, 2022
ان کے علاوہ شعیب اختر، قومی ٹیم کے نائب کپتان فخر زمان، بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم نے بھی عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔