وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف ملاقات میں آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ ضرور زیر بحث آیا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آصف زرداری اور شہباز شریف ملاقات میں آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ ضرور زیر بحث آیا ہوگا تاہم سمری آئے گی تو نام فائنل کریں گے پہلے سے نہیں سوچا ہوا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ معاملہ 48 گھنٹے میں کسی نہ کسی اچھے نتیجے پر پہنچ جائے گا۔ اہم تقرری سے متعلق اتحادیوں سے بھی ضرور بات ہوگی۔ پی ڈی ایم میں اتفاق ہے اور مشاورت سے ایک نام چن لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو اسی معاملے پر بلایا گیا ہے۔ جمعے تک اہم تقرری کا معاملہ خوش اسلوبی سے نمٹا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ’اہم تعیناتی، سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی‘
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ سیکریٹری دفاع کو نہیں ہٹایا جا رہا وہ اداروں کے پل کا کام کرتے ہیں۔ رانا ثنا اللہ اور شاہد خاقان کے ریمارکس کی توثیق نہیں کرسکتا۔