پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیکیورٹی کو دیکھتے ہوئے خواہش ہے کہ اندھیرے سے پہلے حقیقی آزادی مارچ کا جلسہ ختم کیا جائے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان آج کے حقیقی آزادی مارچ جلسے میں شرکت کررہے ہیں آج دیکھتے ہیں لوگ کیا فیصلہ کرتے ہیں اور کس کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کا جوش و خروش دیکھ کر بتا رہا ہوں آج تاریخی جلسہ ہوگا اور جو قافلے روانہ ہورہے ہیں اس سے بھی حوصلہ افزا امکانات ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ سمجھتے تھے لوگ ہمارے مخالف ہیں تو پھر یہ الیکشن سے گھبراتے کیوں ہیں، یہ حکومت الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں الیکشن میں تاخیر ہو لیکن ہماری خواہش ہے جلد سے جلد الیکشن ہوں کیونکہ حکومت میں ربط نہیں ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی ایکشن پلان نہیں ہے، ملک بحرانوں کا شکار ہے، ان کے پاس کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے معیشت تباہ ہوتی جارہی ہے، قومی سلامتی کا محور معاشی سیکیورٹی ہے جو انتہائی پریشان کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت غیرفطری اتحاد ہے اور یہ وقتی مفاد کے لیے بیٹھے ہوئے ہیں، حکومت میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو الیکشن نہیں چاہتے، حکومت کی اپنی صفوں میں یکسوئی نہیں تو ایسے ہم کیا بات کرسکتے ہیں۔