انگلش بیٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ کو ون ڈے میچ بنا ڈالا

انگلش بیٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ کو ون ڈے میچ بنا ڈالا، یکے بعد دیگرے 3 سینچریاں داغ کر پاکستانی بولنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلش بلے باز پاکستانی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز محض 64 اوورز میں 400 سے زائد رنز بناڈالے۔

انگلش ٹیم کی جانب سے راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے ہی روز تین سینچریاں داغی گئیں، بین ڈکٹ 107، زیک کرولی 122 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ اولن پوپ 107 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس کے علاوہ ہیری بروک بھی 90 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ کی تاریخ، کچھ دلچسپ، انوکھے اور منفرد ریکارڈز

ادھر انگلش ٹیم کی تیز رفتار رنز بنانے پر سابق قائد مائیکل وان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی ایسی ٹیم ہے جس نے ٹیسٹ کے پہلے ہی روز 500 رنز بنائے؟ میں صرف پوچھ رہا ہوں ساتھ ہی انہوں نے پاک انگلینڈ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔