سندھ حکومت کا پروین رحمٰن قتل کیس میں ملزمان کو رہا نہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے سماجی کارکن پروین رحمٰن قتل کیس میں مبینہ ملزمان کو رہا نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے قتل میں ملوث ملزمان کو ایم پی او کے تحت تین ماہ نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروین رحمٰن کی بہن اور فیملی ممبران کو ملزمان سے جان سے خطرہ ہے۔

یاد رہے کہ 21 نومبر کو سندھ ہائی کورٹ نے پروین رحمٰن قتل کیس میں نامزد ملزمان کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنایا تھا۔

عدالت کے تحریری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ کیس کا اہم پہلو مقتولہ کا 2011 میں صحافی کو دیا گیا انٹرویو ہے، ملزمان کے وکلا کا مؤقف ہے اس انٹرویو کی کوئی حیثیت نہیں، کیس میں ایک نہیں کئی شکوک و شبہات پائے گئے ہیں، ٹرائل کورٹ کی جانب سے ملزمان کو دی گئی سزا کالعدم قرار دی جاتی ہے، ملزمان اگر کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو ان کو رہا کیا جائے۔