الیکشن کمیشن کا انتخابی قواعد میں ترمیم کا فیصلہ

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے الیکشن رولز 2017 کی شق 58 میں ترمیم کا مسودہ تیار کرلیا، الیکشن قواعد کے تحت پولنگ ایجنٹ کیلئے حلقے کا ووٹر ہونا لازم ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی قواعد میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا اور الیکشن رولز 2017کی شق 58 میں ترمیم کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔

مجوزہ ترمیم میں الیکشن قواعد کے تحت پولنگ ایجنٹ کیلئے حلقے کا ووٹر ہونا لازم ہوگا۔

الیکشن رولزمیں ترمیم سے پولنگ ایجنٹ باہر سے لانے کی حوصلہ شکنی ہوسکے گی ، پہلے کسی دوسرے حلقے ، شہر اور صوبے کے فرد کو پولنگ ایجنٹ بنانے پر قدغن نہیں تھی۔

الیکشن کمیشن قواعد میں ترمیم پر اعتراضات 24دسمبر تک وصول کرے گا۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے امیدواروں کیلیے حلف نامے میں تبدیلی کردی تھی ، جس کے تحت آئندہ سینیٹ ،اسمبلی ضمنی الیکشن میں بھی نیا حلف نامہ امیدواروں کو جمع کرانا ہوگا۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے حلف نامے میں غلط معلومات دینے پر رکنیت ختم کرنے کی شق شامل کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ،اسمبلی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو لازمی نیا حلف نامہ دینا ہوگا،نئے حلف نامے میں امیدوار کو غیر ملکی پاسپورٹ کی تفصیل دینا ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے نیا حلف نامہ چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ارسال کردیا ہے۔