سابق رکن قومی اسمبلی پُراسرار طور پر جاں بحق

اسلام آباد: سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری سعید اسلام آباد میں پراسرارطورپرجاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق چوہدری سعید کی لاش ایف ایٹ کے گیسٹ ہاؤس میں پائی گئی، ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا، وہ فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھتے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس گیسٹ ہاؤس پہنچی اور لاش کو تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر ہارٹ اٹیک لگتا ہے، مزید حقائق میڈیکل رپورٹ کے بعد سامنے آئینگے۔

ادھر پیپلز پارٹی پنجاب کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سابق ایم این اے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات اور ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی فیصل آباد، چوہدری محمد سعید اقبال حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ہیں۔

ان کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’کابل میں ہوٹل پر نامعلوم افراد کا حملہ، 3 دہشت گرد مارے گئے

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے چوہدری محمد سعید کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

پیپلز پارٹی میڈیا سیل کی جانب سےجاری تعزیتی بیان بھی آصف زرداری نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکن چوہدری سعید اقبال کے خاندان کے غم میں شریک ہیں، چوہدری سعید اقبال پارٹی کے ثابت قدم اور وفادار رہنما تھے، مرحوم جیسے کارکن پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں