کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے پرائمری سے کالج تک نصاب میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سندھ میں پرائمری سے کالج تک نصاب میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ شامل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ایڈوکیٹ امتیاز علی نے عدالت میں کہا کہ صوبے میں تعلیمی نصاب میں قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دی جائے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا پڑھانا ہے یہ طے کرنا حکومت اور اسمبلی کا کام ہے ، ہم کیا قانون سازی کیلئے بھی ہدایت جاری کریں ؟
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کل آپ کہیں گے شہریوں کا ڈریس کوڈ بھی طے کیا جائے ، آپ حکم کریں کہ شہری کون سا لباس پہنیں گے اور کون سا نہیں ، انتظامیہ ، مقننہ اور عدلیہ کا رول آئین میں واضح ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے صوبے میں قرآن پاک نصاب میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے ، سندھ میں بھی پنجاب کی طرز پر قرآن پاک کو نصاب میں شامل کیا جائے۔
جس کے بعد عدالت نے نصاب میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔