کراچی : آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ شاہین کمپلیکس کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگ گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2گاڑیاں آگ بجھانے کے لئے روانہ ہوئی اور تمام افرادکوباہر نکال لیا گیا جبکہ بلڈنگ میں دھواں بھرنے کے بعد تمام فلور پر قائم دفاتر میں موجود لوگ خود ہی باہر نکل آئے تھے۔
فائر بریگیڈ نے آئی آئی چندریگر روڈ شاہین کمپلیکس کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا، فائر بریگیڈ کی اسنارکل سمیت 3 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
اسٹیشن فائر آفیسر ہیڈکوارٹر ظہیر صدیقی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آگ پر قابو پالیا ہے، آتشزدگی کا واقعہ بالائی منزل پر پیش آیا، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ سولہویں فلور پر کچرے میں لگنے والی آگ پھیل گئی تھی جسے بجھادیا گیا ہے،دھویں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔