شادی یا دنگل، باراتی آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، ویڈیو وائرل

بھارت میں شادی کی ایک تقریب اچانک دنگل میں بدل گئی اور باراتی مہمانوں کے ساتھ گتھم گتھا ہوگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پڑوسی ملک جہاں سے آئے روز عجیب وغریب واقعات کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں بالخصوص شادی کے حوالے سے کبھی دولہا بھری محفل میں دلہن کو تھپڑ جڑ دیتا ہے تو کبھی دلہن عین معمولی وجہ پر شادی سے انکار کرکے تقریب سے چلی جاتی ہے تو کبھی مہمان کسی وجہ تنازع کا سبب بن جاتے ہیں۔

اسی دیس سے اب ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شادی کی تقریب میں شریک باراتیوں کو ایک دوسرے سے لڑتے اور گتھم گتھا ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر انسٹا گرام پر اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی کی تقریب کی فلم بندی کرنے والا مووی میکر دولہا اور دلہن کی آرتی اتارنے کے منظر کی عکس بندی کر رہا ہوتا ہے کہ عقب میں سے شور اٹھتا ہے جہاں باراتی ایک دوسرے سے لڑتے جھگڑتے، دھکم پیل کرتے ہوئے ایک دوسرے سے گتھم گتھا اور تھپڑ ومُکے مارتے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ منظر سامنے آتے ہیں کیمرہ مین تو اس جانب متوجہ ہوتا ہے اور پورے منظر کی عکس بندی کرتا ہے اس کے ساتھ ساتھ دولہا اور دلہن کی توجہ بھی رسومات سے ہٹ ہر جھگڑے کی جانب ہو جاتی ہے۔ اس موقع پر دلہا اسٹیج سے اتر کر وہاں جانے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے لیکن اسٹیج پر موجود ایک خاتون اسے روک لیتی ہے۔

بھارٹی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہا دلہن کے شادی کے مناظر ریکارڈ کرنے والے کیمرے نے باراتیوں کے درمیان ہونے والے پورے جھگڑے کی ویڈیو ریکارڈکرلی، انسٹا گرام اکاؤنٹ سے شئیر ہونے والی ویڈیو میں باراتیوں کو دھکم پیل اور اور ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھاجا سکتا ہے۔

 

اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 10 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں اور دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے بڑے سنجیدہ انداز میں کمنٹ لکھتے ہوئے کہا ہے کہ کتنے دکھ کی بات ہے کہ ایک باپ برسوں محنت کرکے اپنی بیٹی کی شادی کے انتظامات کرتا ہے اور چند نوجوان ان انتظامات کو بگاڑنے پہنچ جاتے ہیں جس سے اس باپ کو کتنی تکلیف ہوئی ہوگی۔

ایک اور صارف نے لگتا ہے کہ دلہا بھی لڑائی میں حصہ لینا چاہ رہا ہے تو کسی نے لکھا کہ کتنا اچھا ہوا کہ کھانے کی ٹیبل کو کچھ نہیں ہوا۔