امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پی پی، پی ٹی آئی کی طرزِحکمرانی نے ملک کو مفلوج کر دیا ہے۔
ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کی خواہش ہے اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، الیکشن کمیشن تابعداری کریں جماعت اسلامی اداروں کو نیوٹرل دیکھنا چاہتی ہے حکمرانوں کی سیاست ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو بیرونی این جی اوز کا اصطبل بنانے والوں سے بہتری کی توقع نہیں حکمران جان لیں ملک بیرونی قرضوں اوربھیک پرنہیں چلتے دعوؤں، نعروں کی بجائےحکمران جماعتیں عوام کواپنی کارکردگی بتائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے کےپی میں کرپشن عام، ہر محکمے میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، امن وامان کی صورتحال مخدوش، خوف کے سائے ہر طرف منڈلا رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ٹرائیکا نے قوم کو دلفریب نعروں سے دھوکے دیے، تینوں حکمران جماعتیں اسی سٹیٹس کو کی محافظ ہیں جسے توڑے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، کوئی ملک کو ”ایشین ٹائیگر“ بنانے تو دوسرا ”روٹی کپڑا اور مکان“ کا نعرہ لے کر آیا، کسی نے ”سب سے پہلے پاکستان“ تو کوئی ”تبدیلی“ کے نام پر عوام سے جھوٹ بولتا رہا. لوگوں کو سوچنا ہو گا کہ اسی گھسے پٹے نظام کے ساتھ رہنا ہے یا کلین، گرین اور کرپشن فری پاکستان بنانا ہے۔