مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اگلے 36 گھنٹے اہم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے رپورٹر الفت مغل کے مطابق لیگی ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے اور عدم اعتماد کی تحریک پر ارکان اسمبلی سے دستخط بھی کروا لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی منظوری دے دی ہے۔ لیگی قیادت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد آئندہ 36 گھنٹے اہم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا ڈرافٹ مکمل تیار ہے اور کسی بھی وقت جمع کرایا جاسکتا ہے تاہم آئندہ 36 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کا قومی امکان ہے۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ تحریک اعدم اعتماد پر ن لیگ کے 108 ارکان پنجاب اسمبلی نے دستخط کر دیے ہیں اور آئندہ چند گھنٹوں میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے آج کے دن ہی اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جانب سے آج بڑے اعلانات متوقع
پی ٹی آئی آج لبرٹی چوک لاہور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے جس میں عمران خان اہم خطاب کریں گے اور اس میں بڑے اعلانات متوقع ہیں۔