کچھ بھی آتی ہو مگر بلاول کو شرم نہیں آتی، اسد عمر

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ کچھ بھی آتی ہو مگر بلاول بھٹو زرداری کو شرم نہیں آتی۔

اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں وفاقی حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہوئی، عوام کا پیسہ حکومت تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، شہباز شریف بھکاری ہوگا لیکن یہ قوم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن بلوچستان کا سوچنا بھی نہیں ورنہ خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان بھی جمعیت کو مسترد کرے گی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کا قافلہ بڑھتا جارہا ہے، پاکستانی عوام خود پر بزدلوں کو مسلط نہیں ہونے دیں گے، پاکستان میں اگر کوئی طاقت ہوگی تو وہ عوام کی ہوگی، فیصلے صرف وہی قبول ہوں گے جو عوام کریں گے، عوام نے غلامی نامنظور کا فیصلہ کرلیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود بلوچستان آئیں گے اور اپنا پیغام دیں گے، 2023 میں عوام پاکستان کی تاریخ بدلیں گے، پی ٹی آئی بلوچستان میں بہت محنت کر رہی ہے، 2023 میں وزیر اعظم عمران خان جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان پی ٹی آئی کا ہوگا۔