کراچی ٹیسٹ: برینڈن میکولم نے سب کے دل جیت لیے

کراچی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلش ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم تماشائی کی مدد کے لیے جنگلے پر چڑھ گئے۔

 کراچی میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ پاکستان کو وائٹ واش کرنے کے لئے انگلش ٹیم مزید 55 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 بنالئے، بین ڈکٹ 50 اور کپتان بین اسٹوک 10 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، پاکستان نے مہمان ٹیم کو 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔

قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹرز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا، سعود شکیل نے 54 رنز کی اننگ کھیلی۔

تاہم دوران میچ انگلش ہیڈ کوچ برینڈن میکولم کے احسن اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سابق جارح مزاج کیوی اوپنر برینڈن میکولم اسٹینڈ میں موجود تماشائی کی مدد کو پہنچ گئے، وائرل کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’جنگلے  پر چڑھ کر میکولم نے تماشائی کی پھنسی ہوئی شرٹ نکال کر دی۔‘

شائقین کرکٹ نے بھی تالیاں بجا کر مہمان کوچ سلام پیش کیا، ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی کمنٹس کیے جارہے ہیں اور انگلش کوچ کے اقدام کو سراہا جارہا ہے۔