اسلام آباد کے بلدیاتی حلقوں میں نئے اضافے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں 31 دسمبر کو ہونیوالے مقامی حکومتوں کے انتخابات دوسری بار موخر ہونے کا خدشہ ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد اسلام آباد کی یونین کونسلوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لوکل باڈی ایکٹ کے تحت یونین کونسل کی حد بندی کی جائے اور اسلام آباد کی آبادی کے لحاظ سے 125 یونین کونسلز بنائی جائیں۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے اسلام آباد کی یونین کونسلوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے درالحکومت میں 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس طلب کرلیا ہے اور خدشہ ہے کہ یہ الیکشن دوبارہ موخر نہ کر دیے جائیں۔
یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل موجودہ حکومت نے وفاقی دارالحکومت کی یونین کونسلوں کی تعداد بڑھا کر 101 کر دی تھی۔ جس کے باعث اس وقت الیکشن کمیشن نے دوبارہ حلقہ بندیاں کر کے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا تھا۔
ان حلقہ بندیوں کے تحت سارا انتخابی عمل مکمل ہوچکا ہے اور اب صرف 31 دسمبر کو پولنگ ہونا باقی ہے لیکن الیکشن سے چند روز قبل وفاقی کابینہ کی جانب سے یوسیز میں اضافے کی منظوری اور نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اس کے انعقاد پر خدشات کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔