خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کیخلاف ٹرائل کا آغاز ہوگیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس میں ٹرائل کا آغاز ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اس ضمن میں عمران خان کو نوٹس جاری کر دیے جبکہ دارالحکومت پولیس نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔

عمران خان کو نوٹس جاری کرنے کے احکامات سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے دیے۔

خیال رہے کہ رواں سال 20 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی نے ایف نائن پارک اسلام آباد میں ایک جلسے کے دوران اپنے خطاب میں خاتون سیشن جج زیبا چوہدری کو مبینہ دھمکی دی تھی۔

21 اگست کو سول مجسٹریٹ کی مدعیت میں اسلام آباد کے مارگلہ تھانے میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں پہلے دہشت گردی کی دفعات شامل کر کے بعد میں حذف کر دی گئیں اور کیس سیشن کورٹ کو بھیجا گیا۔

عمران خان خاتون جج کو دھمکی کیس میں اس وقت عبوری ضمانت پر ہیں۔