اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم نے استعفے اسمبلی فلور پر کھڑے ہوکر دئیے اب دوبارہ ایوان میں جانے کی ضرورت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جب میں نے استعفیٰ دیا ان دنوں عدم اعتماد تحریک بھی آئی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے شرف حاصل ہے کہ میں نے اعلان کیا تھا کہ عمران خان وزیراعظم ہیں، میں یہ نہیں کہہ سکتا تھا کہ عمران خان وزیراعظم نہیں رہے، اسی لئے اسپیکر شپ سے مستعفی ہوا۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے تمام ارکان اسمبلی نے فلور پر کھڑے ہوکر استعفے دیئے اور قانونی تقاضے پورے کیے، جب آپ اسمبلی کے فلور پر کھڑے کو استعفے دیں تو دوبارہ ایوان میں جانے کی ضرورت ہی نہیں رہتی۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جنوری میں ہوگی، اسپیکر پنجاب اسمبلی
سابق اسپیکر نے الزام عائد کیا کہ موجودہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ہمارے استفعوں پر بہانے بازی سے کام لے رہے ہیں ان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مجھے شک ہے کہ سیکریٹریٹ نے عدالت کو پوری دستاویز نہیں بھجوائیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جب ایک اجلاس چل رہا ہے تو گورنر دوسرا اجلاس کیسے بلاسکتےہیںِ اس آئین شکنی سے واضح ہوا کہ پی ڈی ایم آئین اور قانون سے کھلواڑ کررہی ہے۔