اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی اب اعتماد کا ووٹ لینےکے لیے پابند نہیں، اخلاقی طور پر اعتماد کا ووٹ لیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی اسپیشل ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان جو حالت کی گئی وہ سب کے سامنے ہے، بابائے قوم کے پاکستان کی یہ حالت ہم نے نہیں ماضی کے حکمرانوں نے کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے حکومت کو پیشکش کی تھی کہ عام انتخابات کے لیے مل کر بیٹھیں، انہوں نے واضح کیا تھا کہ ہم اسمبلیاں توڑنا نہیں چاہتے آپ عام انتخابات پر بات کریں مگر حکمرانوں نے ایسا نہ کیا۔
پنجاب اسمبلی کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ عدالت نے گورنر پنجاب کا نوٹی فکیشن منسوخ کردیا ہے،پرویزالٰہی اب اعتماد کا ووٹ لینےکےلیے پابند نہیں، اگر وہ اخلاقی طور پراعتماد کا ووٹ لیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے تحائف بیچنے سے دوست ممالک کیساتھ تعلقات خراب ہوئے، رانا ثنا اللہ
ملک کی معاشی صورت حال پر انہوں نے کہا کہ معاشی حالات خراب ہیں، لوگوں کے زندگی متاثر ہے، پی ڈی ایم والے معیشت کو درست کرنے آئے تھے لیکن ان سے معیشت نہیں سنبھلی، اب صورت حال یہ ہے کہ کوئی بھی حکومت ان حالات میں بجٹ نہیں بنا سکتی، صرف پانچ سال کے مینڈیٹ کے ساتھ نئی حکومت ہی اصلاحات کے ساتھ بجٹ بناسکتی ہے۔
علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بیرونی ادائیگیاں نہیں کرپارہا،معیشت نیچے جارہی ہے، ایسی صورت حال میں عالمی طاقتوں کی نظرہمیشہ ہمارے جوہری اثاثوں پر رہتی ہے، ہمیں عالمی طاقتوں کو ایسا کوئی موقع نہیں دینا چاہیے جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔